وارانسی، 4؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے بنارس میں آخری مرحلے کی پولنگ سے پہلے آج سبھی اہم پارٹیوں کے بڑے لیڈروں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے روڈ شو کر کے اپنی پارٹی کے لیے ووٹ مانگا ،و ہیں راہل گاندھی اور اکھلیش یادو نے بھی روڈ شو کیا اور اپنا دم خم دکھایا۔ بنارس میں بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے بھی انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی اور سماج وادی پارٹی -کانگریس اتحاد دوسرے اور تیسرے نمبر کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں۔بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کانگریس کے روڈ شو میں صرف دیکھنے والوں کی بھیڑ تھی۔مایاوتی نے دعوی کیا کہ ان کے روڈ شو کے لیے پڑوسی ریاست مدھیہ پردیش اور بہار سے لوگوں کو بلایا گیا تھا۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ اس طرح کی بھیڑ سے میڈیا میں توجہ ملتی ہے، لیکن یہ ووٹ میں تبدیل نہیں ہوتا، انہوں نے کہا کہ میرے سامنے رائے دہندگا ن کی بھیڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ یوپی کے لوگوں نے بی ایس پی کی اکثریت کی حکومت بنانے کے لیے اپنامن بنا لیا ہے،چھٹے مرحلے میں بی ایس پی کو سب سے زیادہ ووٹ ملنے کا امکان ہے۔مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی کی حکومت بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے خوابوں کو پورا کرے گی۔مایاوتی نے بی جے پی ، ایس پی اور کانگریس پرحملہ بولتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں جھوٹے دعوے کر رہی ہیں کہ یوپی میں ان کو حمایت مل رہی ہے۔مایاوتی نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کو ووٹ نہیں دینا، خاص طور سے سماج وادی پارٹی کو ۔انہوں نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں ایس پی حکومت نے ریاست میں کیا کیا ہے؟وہیں انہوں نے کہا کہ مرکز میں وزیر اعظم مودی نے کیا کیا ، یہ بھی لوگ جانتے ہیں۔ بی ایس پی سربراہ نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ بی جے پی وزیر اعلی کا چہرہ پیش کرنے کی ہمت نہیں جٹا پائی ہے اور سماج وادی پارٹی کی حکومت جنگل راج کے لیے جانی جاتی ہے۔